14 مارچ 2015 - 19:55
تہران ڈھاکہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید

ایران کے نائب صدر محمد شریعتمداری نے تہران اور ڈھاکہ کے تعلقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے تمام شعبوں میں ایران اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب صدر محمد شریعتمداری نے تہران اور ڈھاکہ کے تعلقات کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے تمام شعبوں میں ایران اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ انھوں نے تہران میں بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر مطیع الرحمان سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی حکومت کی خارجہ پالیسی، دنیا کے تمام دوست اور اسلامی، نیز پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر استوار ہے، کہا کہ ایران، بنگلہ دیش کے ساتھ ماضی سے کہیں زیادہ تعلقات کی توسیع کیلئے آمادہ ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کی شرح، فریقین کی توانائیوں اور گنجائشوں کے پیش نظر ناکافی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ دیاجائے۔
اس ملاقات میں بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد، اسلامی ملکوں خاص طور سے ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیئے جانے میں دلچسپی رکھتی ہیں، کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات تمام شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے ایران اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو دیرینہ اور تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا-

.......

/169